بلوچ نیشنل موومنٹ ( بی این ایم ) کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ نے برطانوی پارلیمنٹ کے ممبر جان مکڈونل سے آنلائن نشست میں بلوچستان کی صورتحال پر بات کی اور ان امکانات کا جائزہ لیا کہ برطانیہ میں بلوچستان کی تحریک کے لیے کیسے حمایت حاصل کی جائے اور وہاں کی حکومت کو قائل کیا جائے کہ وہ بلوچستان کی گھمبیر صورتحال میں کردار ادا کرئے۔
بلوچ نیشنل موومنٹ کے چیئرمین نے آنے والے دنوں بلوچستان کے موضوع اور مسائل پر برطانیہ میں پروگرامات کے انعقاد پر بھی گفتگو کی۔
جان مکڈونل نے انھیں یقین دہانی کرائی کہ وہ بلوچ قوم کی حمایت جاری رکھیں گے اور ان کی ہر ممکن مدد کریں گے۔
اس موقع پر بلوچ نیشنل موومنٹ ( بی این ایم ) کے خارجہ سیکریٹری فہیم بلوچ بھی موجود تھے۔
انھوں نے بتایا کہ اس نشست میں پارٹی چیئرمین اور جان مکڈونل کے درمیان بلوچستان کے لیے سفارتی عمل میں تیزی لانے کے لیے متعدد اقدامات پر اتفاق کیا گیا جن پر عنقریب عمل کیا جائے گا۔
جان مکڈونل ایک نامور برطانوی سیاستدان ہیں جو بلوچ قوم کے ایک پرجوش حامی کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ انھوں نے متعدد مواقع پر کھل کر بلوچوں کی وکالت کی ہے اور بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر پاکستان کے محاسبہ کا مطالبہ کیا ہے۔