بی این ایم کے وفد کا اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی ڈاکٹر ایلیسا مورجیرا سے ملاقات

ملاقات میں ماحولیاتی مسائل اور بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا

قاضی داد محمد ریحان

جنیوا، سوئٹزرلینڈ – بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) کے ایک وفد نے اقوام متحدہ میں ماحولیاتی تبدیلی اور انسانی حقوق کی خصوصی نمائندہ ڈاکٹر ایلیسا مورجیرا سے ملاقات کی۔ اس وفد میں فہیم بلوچ ، نیاز بلوچ اور یوسف بلوچ شامل تھے۔

اس ملاقات میں پارٹی کے مذکورہ نمائندہ وفد نے بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتحال اور بلوچستان پر ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر بات کی ۔

انھوں نے ورکنگ گروپ کو بلوچستان میں ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلیوں پر پاک چین اربوں ڈالر کے منصوبوں کے اثرات سے آگاہ کیا۔ انھوں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق حالیہ اعداد و شمار بھی پیش کیے۔

ماحولیاتی تبدیلی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے والے یوسف بلوچ بھی اس وفد میں شامل تھے ،انھوں نے بلوچستان میں موسمیاتی تبدیلی کے خطرناک اثرات پر روشنی ڈالی۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں موسمیاتی بحران فطری نہیں بلکہ انسان کا پیدا کردہ ہے۔

جواب میں، ورکنگ گروپ برائے ماحولیات اور انسانی حقوق نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان اہم مسائل پر ایک جامع رپورٹ مرتب کریں گے اور پاکستان کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں گے۔

اس گروپ نے ماحولیاتی اور انسانی حقوق کے اس نازک بحران سے نمٹنے کے لیے بی این ایم اور دیگر متعلقہ تنظیموں کے ساتھ مزید ہم آہنگی کا عہد بھی کیا۔

بی این ایم نے رواں مہینے جنیوا میں بلوچستان کے گوناگوں مسائل کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنے کے لیے زبردست سفارتی مہم چلائی ہے جو اگلے مہینے تک جاری رہے گا۔ اس مہم کے سلسلے میں اقوام متحدہ کے مختلف ممبران سے ملاقاتیں کی گئیں اور بلوچستان کے معاملات کو اجاگر کیا گیا۔

Share This Article
بی این ایم کے ترجمان۔قاضی داد محمد ریحان بی این ایم کے سیکریٹری اطلاعات و ثقافت ہیں۔انھوں نے 2008 سے لے کر 2009 تک پارٹی کی تاریخ میں سب سے کم عمر کابینہ کے ممبر کے طور پر اسی عہدے پر ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔اسی درمیان انھوں نے زرمبش پبلی کیشنز کی بنیاد رکھی۔سال 2015 کو زرمبش براڈ کاسٹنگ کا قیام عمل میں لائے اور اس کے بانی ڈائریکٹر مقرر ہوئے۔اپریل 2022 کے سیشن کے بعد دوبارہ سیکریٹری اطلاعات منتخب کیے گئے۔