چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ کی صدارت میں ہوئے بلوچ نیشنل موومنٹ ( بی این ایم ) کے فارن ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس میں نیاز بلوچ کو کوارڈینیٹر اور غلام رسول بلوچ کو ڈپٹی کوارڈینیٹر مقرر کیا گیا۔
فارن سیکریٹری فہیم بلوچ نے اس تقرری کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا غلام رسول تحریک کے ایک دیرینہ اور باصلاحیت ساتھی ہیں جو فارن ڈیپارٹمنٹ میں ایک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس وقت وہ جس خطے میں مقیم ہیں، وہ ایک نہایت اہم سیاسی اور سفارتی مرکز سمجھا جاتا ہے۔جس طرح پارٹی کا فارن ڈیپارٹمنٹ یورپی ممالک میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے، اسی طرح ہمیں امریکی خطے میں بھی پارٹی کی پوزیشن کو مستحکم بناتے ہوئے سفارتی محاذ پر اپنی کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر نسیم بلوچ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پارٹی کے مختلف محکموں اور اداروں کی ترقی نہ صرف پارٹی کی مضبوطی بلکہ قومی آزادی کی جدوجہد میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔ بلوچ نیشنل موومنٹ کے ممبر شب و روز محنت کر رہے ہیں اور عالمی سطح پر بلوچ قومی مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے انتھک جدوجہد کر رہے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں پختہ یقین ہے کہ اس مسلسل اور طویل جدوجہد میں پارٹی کی کاوشیں، خصوصاً سفارتی محاذ پر بلوچ مسئلے کو ایک مستحکم آواز بنانے کی جدوجہد، عالمی سطح پر ضرور کامیاب ہوگی۔ اس کا اثر بلوچستان میں جاری نسل کشی کے خاتمے اور بالآخر بلوچستان کی آزادی کی صورت میں ظاہر ہوگا۔
اجلاس میں بی این ایم کے سیکریٹری امور خارجہ نے ادارہ کے اہداف پر بات کرتے ہوئے نئے امکانات پر روشنی ڈالی ، انھوں نے کہا ہم اپنی سفارتی جدوجہد کو کسی ایک خطے یا براعظم تک محدود نہیں رکھ سکتے۔ امریکہ اور کینیڈا میں پارٹی کارکنان کی موجودگی اور ان کی انتھک جدوجہد اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ وہاں بھی پارٹی پروگرام کو منظم، مستحکم اور مؤثر انداز میں فروغ دیا جائے تاکہ ہم اپنے مشن، یعنی بلوچستان کی آزادی کے سفارتی محاذ کو مزید مضبوط بنا سکیں۔
اجلاس میں فارن سیکریٹری فہیم بلوچ، ڈپٹی کوآرڈینیٹر نیاز بلوچ، اور فوکل پرسن حکیم بلوچ نے شرکت کی۔