بلوچ نے اپنی آزادی کھوئی ہے وقار نہیں، ہم آزاد تھے ، ہمیں آزاد ہونا چاہیے۔ بی این ایم یوم تجدید عہد کے پروگرامات

بی این ایم کیچ

ہم نے اپنی آزادی کھوئی ہے ، وقار نہیں ۔ 11 اگست آزادی کا جشن منانے کا دن نہیں بلکہ اس بات کی یادہانی کا دن ہے کہ ہم آزاد تھے اور ہمیں آزاد ہونا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے بلوچ نیشنل موومنٹ ( بی این ایم ) کیچ گوادر ھنکین کے تنظیمی نشست سے کیا۔

11 اگست یوم تجدید عہد کی مناسبت سے بی این ایم کیچ گوادر ھنکین کی طرف سے دو مختلف پروگرامات کا انعقاد کیا گیا جن میں بی این ایم کے سیکریٹری اطلاعات و ثقافت قاضی داد محمد ریحان ، مرکزی فنانس سیکریٹری ناصر بلوچ ، ھنکین کے صدر بابا جی آر اور ھنکین کے جنرل سیکریٹری بھار بلوچ نے خطاب کیا۔

انھوں نے اس موقع پر مزید کہا ’ آزادی کیا ہے ؟ ‘ کا جواب ہماری غلامی اور آج کے حالات میں پوشیدہ ہیں۔غلامی کی بدولت آج بلوچ اپنے ہی سرزمین پر چوروں اور مجرموں کی طرح زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ ہم اپنے گھر کے دروازے پر کھڑے ہونے سے ڈرتے ہیں کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ ہمیں غیرملکی قابض فورس کے اہلکار گرفتار کریں۔ یہاں تک کہ ہم اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں جہاں سے ہمیں اٹھا کر جبری لاپتہ کیا جا رہا ہے __ ہمارے لیے آزادی پاکستان کی غلامی سے نجات کا نام ہے۔

انھوں نے کہا 11 اگست کا دن شہید واجہ غلام محمد کی تجویز پر ہر سال یوم تجدید عہد کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس دن ہم تحریک آزادی سے اپنی وابستگی کے عہد کی تجدید کرتے ہیں کیونکہ ہم نے اپنی آزادی کھوئی ہے وقار اور قومی جذبہ نہیں اور نہ ہی ہم اپنی آزادی سے دستبردار ہوئے ہیں۔ مگر کچھ حلقے اس دن جشن مناتے ہیں جس سے یہ تاثر جاتا ہے کہ جیسے ہم آزاد ہیں ۔اس دن کی تاریخی اور سیاسی حیثیت کے تناظر میں ہمیں قائد تحریک شہید غلام محمد بلوچ کی پیروی میں اسے یوم تجدید عہد کے طور پر منانا چاہیے جشن کے طور پر نہیں۔

مقررین نے کہا غلامی کے داغ کو مٹانے کے لیے بلوچ جنگ آزادی کا یہ پانچواں مرحلہ ہے جس میں وطن کے سپوت اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ ہمیں آزادی کی جدوجہد میں ہر تکلیف کا خنداں پیشانی سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ پاکستان تہذیب سے عاری دشمن ہے جو ہم پر ہر طرح کے مظالم ڈھا رہا ہے۔ہمارے مردوں کے ساتھ اب خواتین کو بھی جبری لاپتہ کیا جا رہا ہے۔بلوچ نے اپنی جدوجہد کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا ہے جس کی وجہ سے آج ہم اس مقام پر ہیں کہ پوری بلوچ قوم تحریک آزادی کی حمایت میں کھڑی ہے۔

ویڈیو رپورٹس :

Share This Article