بلوچ نیشنل موومنٹ ( بی این ایم ) کے ترجمان نے دس دسمبر عالمی یومِ انسانی حقوق کا دن کے موقع پر پارٹی کے تمام زونز اور چیپٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس دن کی مناسبت سے آگاہی مہمات کا انعقاد کریں تاکہ پاکستان کی جانب سے بلوچستان میں جاری جنگی جرائم، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، تشدد اور نسل کشی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جا سکے۔
گزشتہ کئی دہائیوں سے بلوچ قوم پاکستانی ریاست کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا شکار ہے، جنھیں مکمل استثنیٰ کے ساتھ جاری رکھا گیا ہے۔ یہ دن پوری دنیا کو یاد دلاتا ہے کہ انسانی وقار، انصاف اور آزادی ہر انسان کا حق ہے۔
مزید برآں، بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) اعلان کرتی ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں، عالمی طاقتوں، مختلف ممالک کی پارلیمان اور بین الاقوامی سول سوسائٹی کو ایک کھلا خط (Open Letter) جاری کرے گی، جس میں پاکستان کی جانب سے بلوچ قوم پر ہونے والی سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات شامل ہوں گی۔ یہ خط عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے اور بین الاقوامی برادری سے فوری کارروائی کی اپیل کے طور پر جاری کیا جائے گا، تاکہ پاکستان کو ان جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جا سکے۔
ساتھ ہی اس دن #EndBalochGenocide کا ہیش ٹیگ استعمال کرکے بلوچ کشی کو پوری دنیا کے سامنے نمایاں کریں۔
