بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) نے نیدرلینڈز کے شہر یوتریخت میں یومِ بلوچ شہداء کے موقع پر ایک سیمینار منعقد کیا، جس میں بلوچ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں اور قومی جدوجہد میں ان کے کردار کو یاد کیا گیا۔
سیمینار کے دوران بی این ایم نیدرلینڈز کی نائب صدر مہرا بلوچ، عبدالواحد اور مسعود بلوچ کے درمیان ایک مباحثہ ہوا۔ اس میں یومِ بلوچ شہداء کی تاریخی و قومی اہمیت، شہداء کی قربانیوں اور ان کی جدوجہد کی میراث آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کی ضرورت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
سیمینار سے اختتامی خطاب بی این ایم نیدرلینڈز کے صدر مہیم عبدالرحیم نے کیا۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہداء کی قربانیوں اور قومی خدمات کو یاد رکھنا اور ان کی میراث کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رکھنا قومی ذمہ داری ہے۔
سیمینار کی میزبانی بی این ایم نیدرلینڈز کی جنرل سیکرٹری زہرہ بلوچ اور الیاس فقیر نے کی۔
پروگرام کا آغاز شہداء کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی سے ہوا، جس کے بعد بلوچ قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور پھول پیش کیے گئے۔
پروگرام کے اگلے حصے میں بلوچ تاریخ اور قومی جدوجہد کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک ڈرامائی پرفارمنس پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ ایک شعری نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں بلوچ قوم کی تاریخ، جدوجہد، قربانیوں اور قومی امنگوں کی عکاسی کرنے والی شاعری پیش کی گئی۔
