گوادر : بلوچ نیشنل موومنٹ ( بی این ایم ) کے کیچ ۔ گوادر ھنکین کے سیشن میں ھنکین کونسلران کی رائے دہی کے نتیجے میں نئی کابینہ تشکیل پائی ۔ انتخابات کے نتیجے میں بابا جی آر کیچ گوادر ھنکین کے صدر ، بھار بلوچ نائب صدر ، جیھند بلوچ جنرل سیکریٹری ، زینل بلوچ ڈپٹی جنرل سیکریٹری اور سید بلوچ خازن منتخب ہوئے۔
بی این ایم کے سینئروائس چیئرمین ڈاکٹر جلال ، انفارمیشن سیکریٹری قاضی داد محمد ریحان اور سینئر ممبر ماما انور پر مشتمل انتخابی کمیٹی نے انتخابی عمل کی نگرانی کی۔ کمیٹی کے سربراہ ماما انور نے بلا مقابلہ منتخب ہونے والی کابینہ کا اعلان کیا۔ جیھند بلوچ نے سابق ڈپٹی آرگنائزر کی حیثیت سے ھنکین کی کارکردگی رپورٹ پیش کی جسے سراہا گیا۔
پروگرام میں آنلائن شریک پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ نے نومنتخب حلف لیا اور امید ظاہر کی نئی کابینہ اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائے گی۔ انھوں نے زور دیا کہ ہمیں اپنی زیادہ توجہ سیلز کی تشکیل اور ان کی پیشرفت پر دینی چاہیے۔
’’ بی این ایم کے کارکنان تحریک کی کامیابی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ بابا جی آر ‘‘
نومنتخب ھنکین صدر بابا جی آر نے اپنے خطاب میں کہا بی این ایم ایک عوامی پارٹی ہے جو بلوچستان کے ہر علاقے میں موجود اور دنیا کے دیگر خطوں میں بلوچ تحریک کی وکالت کر رہی ہے۔بی این ایم کے آج کے ممبران کل کی قیادت ہیں۔یہ بلوچ تحریک کے جہدکار ہیں جو تحریک کی کامیابی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
انھوں نے کہا مجھے اس بات کا فخر ہے کہ میں بی این ایم کا ایک چھوٹا سا ممبر ہوں۔کل بلوچستان آزاد ہوگا، ہم زندہ رہیں گے یا نہیں لیکن ہمارے نام ان افراد میں شامل ہوں گے جنھوں نے بلوچستان کے خوشحال مستقبل کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ مجھے اس بات کا فخر ہے کہ ہم شہید واجہ غلام محمد کے پیروکار ہیں جنھوں نے اپنی جان بلوچستان کی آزادی کے لیے دی۔
انھوں نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کل کے خوشحال مستقبل کے لیے آج آرام نہ کریں اگر قیادت رہے یا نہ رہے کارکنان اپنی تحریک کو آگے بڑھاتے رہیں ، ہمیں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ آگے بڑھنا ہے۔ پہلے بھی دوستوں نے ہماری ذمہ داریوں کو آسان بنانے کے لیے ہمارے ساتھ مل کر کام کیا ہمیں امید ہے کہ آئندہ بھی ہمارا ساتھ دیں گے۔ ساتھی ہماری رہنمائی کریں ، ہماری غلطیوں کی نشاندہی کریں۔
کیچ گوادر ھنکین کے پہلے نومنتخب صدر کی حیثیت حلف اٹھانے کے بعد ، اپنی پہلے خطاب انھوں نے مزید کہا موجودہ حالات میں بلوچستان کے ہر کونے میں ہمیں مکمل رازداری کے ساتھ کام کرنا ہے۔ سیلز میں کام کرتے ہوئے ہمیں انتہائی احتیاط برتنا ہوگا اگر ہمیں شک ہو کہ ہمارے کسی عمل سے ہمارے کسی دوست کو نقصان پہنچے گا تو ہمیں ہرگز وہ کام نہیں کرنا چاہیے تاکہ دوست اپنے سیلز اور سرزمین پر زیادہ طویل عرصے رہ کر کام کریں اور انھیں نقصان کا سامنا نہ ہو۔
اس موقع پر بی این ایم کیچ ۔ گوادر ھنکین کے ممبرز کی حیثیت سے بی این ایم کے سابق سینٹرل کمیٹی ممبر یوسف بلوچ ، وائس چیئرمین ڈاکٹر جلال ، انفارمیشن سیکریٹری قاضی داد محمد ریحان ، ماما انور ، ھنکین کے نومنتخب نائب صدر بھار بلوچ نے خطاب کیا اور نومنتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کی۔
ڈاکٹر جلال نے کہا ہم گوکہ مرکزی عہدیدار ہیں لیکن یہاں ہم اپنے ھنکین اور یونٹ کے ماتحت ہیں اور ان کی قیادت میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔سابق آرگنائزنگ کمیٹی کا کابینہ میں انتخاب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آرگنائزر کی حیثیت سے اس ٹیم نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا ، اس لیے اس پر دوبارہ اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔