بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) شہید راشد آواران ھنکین کی جانب سے بلوچ قومی شہداء کی یاد میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب سے ھنکین کے نائب صدر تلار ناز، فنانس سیکریٹری میرک اور شہید ڈاکٹر منان یونٹ کے سیکریٹری ودار بلوچ سمیت دیگر نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ بلوچستان ایسی سرزمین ہے جہاں جب بھی کوئی بیرونی طاقت آئی تو سب سے پہلے بلوچ رہنماؤں نے اس کا مقابلہ کیا اور اپنی جانیں قربان کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 13 نومبر وہ دن ہے جب بلوچستان کے حکمران میر مہراب خان نے اس وقت کی دنیا کی سب سے بڑی استعماری طاقت کے سامنے ڈٹ کر جنگ کی اور شہادت پائی۔ اسی راستے پر ہزاروں بلوچوں نے مادرِ وطن کی آزادی اور خودمختاری کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔
انھوں نے کہا کہ اس دن بلوچ قوم عہد کرتی ہے کہ شہداء کے نقشِ قدم پر چلے گی اور ان کی راہ کے مسافر اپنی منزل تک پہنچیں گے۔ وہ منزل بلوچستان کی آزادی، خودمختاری اور خود ارادیت ہے۔
انھوں نے کہا کہ 13 نومبر 1839 کو جب انگریز نے بلوچستان پر قبضہ کرنا چاہا تو میر محراب خان اپنے ساتھیوں سمیت ان کے سامنے کھڑے ہوئے اور جنگ لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ انگریز بعد میں براہِ راست قبضہ برقرار نہ رکھ سکا، مگر پاکستان کے وجود میں آنے کے بعد بلوچستان پر قبضہ ہو گیا۔ آغا عبدالکریم خان نے اس کے خلاف جدوجہد کی، اور ان کے بعد ہزاروں بلوچ اٹھ کھڑے ہوئے۔ انھوں نے زور دیا کہ اب سب پر لازم ہے کہ شہداء کے راستے پر چلیں اور بلوچستان کو آزاد کرائیں۔
مقررین نے کہا کہ آج ہم محض ایک تقریب کے لیے نہیں بلکہ اپنے فکری و قومی شہداء کی یاد میں جمع ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی یاد کو کسی ایک دن کی ضرورت نہیں؛ وہ تاریخ اور قومی شناخت کا حصہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شہداء نے اپنی سرزمین، قوم اور آزادی کے خواب کے لیے سر قربان کیے اور سخت ترین حالات میں بھی اپنے نظریے پر قائم رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی یاد ایک ذمہ داری ہے، اور دنیا کی جو قومیں آج مضبوط اور آزاد ہیں ان کی تاریخ میں بھی قربانیوں کی طویل داستان ملتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ 13 نومبر محض ایک تاریخ نہیں بلکہ بلوچ قومی شہداء کی یاد اور اجتماعی شعور کی علامت ہے۔
انھوں نے کہا کہ میر محراب خان جانتے تھے کہ طاقتور انگریز فوج کے سامنے جنگ جیتنا مشکل ہے، مگر ان کے نزدیک عزت اور قومی شناخت سے بڑھ کر کچھ نہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انگریز نے ان کے جسم کو شہید کر کے جسمانی طور پر جدا کر دیا، مگر ان کی فکر اور جرأت آج بھی زندہ ہے۔ انھوں نے آغا عبدالکریم خان، بابو نوروز خان، ڈاڈا اکبر خان بگٹی، واجہ غلام محمد بلوچ، بانک کریمہ، استاد اسلم بلوچ اور دیگر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ جسمانی طور پر جدا ہو گئے، مگر ان کی فکر، قربانی اور فلسفہ آج پوری بلوچ قوم کے دل میں زندہ ہے۔
