بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ ایک سیاسی دورے پر برطانیہ پہنچے ہیں۔ اس دورے کا مقصد بین الاقوامی سطح پر بلوچ قومی قومی تحریک اور بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کرنا ہے۔ اپنے دورے کے دوران، ڈاکٹر نسیم بلوچ بی این ایم کے عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ان ملاقاتوں میں تنظیمی امور، حکمت عملی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔ ان کی یہ سرگرمیاں بی این ایم کے اندرونی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور تحریک کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم ہیں۔
اپنے دورے کے دوران ڈاکٹر نسیم بلوچ برطانیہ کے ارکان پارلیمنٹ سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد برطانوی حکومت اور عوامی نمائندوں کو بلوچ قوم کے مسائل اور ان کی جدوجہد سے آگاہ کرنا ہے۔ چیئرمین اس موقع پر بلوچوں کو درپیش مسائل، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، سیاسی اور معاشی حقوق کی جدوجہد، اور بلوچ قومی آزادی کی تحریک کے بارے میں تفصیلی گفتگو کریں گے۔
ان مصروفیات کے علاوہ، ڈاکٹر نسیم بلوچ دیگر مظلوم اقوام کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد مختلف محکوم اقوام کے درمیان یکجہتی اور تعاون کو فروغ دینا ہے جو اپنی آزادی اور حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔
ڈاکٹر نسیم بلوچ کی مصروفیات میں برطانیہ میں مقیم بلوچ کمیونٹی سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بی این ایم چیرمین بلوچ نیشنل موومنٹ برطانیہ چیپٹر کے کونسل اجلاس میں شرکت کریں گے اور تمام یونٹوں کا دورہ کریں گے، تاکہ پارٹی کی تنظیمی ڈھانچے اور کاکنوں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنایا جاسکے۔
بی این ایم کے چیئرمین کا یہ دورہ بین الاقوامی پلیٹ فارم پر بلوچ قومی تحریک کے حق میں آواز اٹھانے اور بلوچ قوم کی جدوجہد آزادی کے لیے حمایت حاصل کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ نہ صرف بلوچ تحریک کے لیے ایک اہم قدم ہے بلکہ مختلف مظلوم اقوام کے درمیان یکجہتی کو بھی فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔