تنظیم کے مرکز کے استحکام سے پارٹی مضبوط ہوگی، ڈاکٹر نسیم بلوچ کا بی این ایم جرمنی کے سالانہ اجلاس سے خطاب

بی این ایم جرمنی

بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) کے جرمنی چیپٹر کا سالانہ اجلاس پارٹی چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔ ہنوفر میں ہونے والی اس سالانہ نشست میں تنظیم کی کارکردگی اور تنظیمی امور پر تفصیلی بحث کی گئی۔

اجلاس میں پارٹی چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ نے پارٹی میں نظم و ضبط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے مرکز کے استحکام سے پارٹی مضبوط ہوگی، اس لیے ہمیں پارٹی کے مرکز کو مضبوط بنانا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ پارٹی اپنے کارکنان سے نظم و ضبط اور آئین پر عمل کرنے کا تقاضا کرتی ہے۔ ہمیں اپنے فرائض آئین اور تنظیمی ڈھانچے کے اندر انجام دینے ہوں گے۔

بی این ایم جرمنی چیپٹر کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق، بی این ایم کی طرف سے ہنوفر، این آر ڈبلیو، برانڈن برگ سمیت جرمنی کے مختلف شہروں میں 34 سے زائد مظاہرے کیے گئے، مختلف شہروں میں چھ سے زائد عوامی آگاہی مہمات اور پانچ یونیورسٹی پروگرامز منعقد کیے گئے۔ جرمنی میں بی این ایم کے ممبران نے چھ سے زائد بین الاقوامی تقریبات میں شرکت کی اور 23 سے زائد عوامی اجتماعات، انسانی حقوق کے پروگرامز اور ثقافتی تقریبات منعقد کی گئیں۔

بی این ایم جرمنی چیپٹر کے سیکریٹری جبار بلوچ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ جرمن چیپٹر نے بلوچ حقوق کی خلاف ورزیوں، خاص طور پر پاکستانی فورسز کے مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے احتجاج، سیمینارز، اسٹڈی سرکلز اور سفارتی ملاقاتیں کیں۔

بی این ایم جرمنی کے سالانہ اجلاس میں اس عزم کو دہرایا گیا کہ بلوچ انسانی حقوق کے مسائل اور آزادی کے مقصد کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کرنے کی کوششیں تیز کی جائیں گی۔

بی این ایم کے خارجہ سیکریٹری فہیم بلوچ اجلاس کے مہمانِ خصوصی تھے۔ اجلاس جرمن چیپٹر کے صدر شر حسن کی نگرانی میں ہوا، اور اسٹیج سیکریٹری کے فرائض جرمنی چیپٹر کے سیکریٹری جبار بلوچ نے انجام دیے۔

Share This Article