زھری کے محاصرے اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف — بی این ایم کا لندن میں احتجاجی مظاہرہ اور پمفلٹ کی تقسیم

بی این ایم یوکے

لندن میں بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) نے زھری کے محاصرے کے خلاف دن بھر جاری رہنے والی آگاہی مہم اور احتجاج کا اہتمام کیا۔ جس میں پاکستان کی فوجی کارروائیوں کے خلاف اور مقبوضہ بلوچستان کے علاقے زھری میں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال پر توجہ مبذول کرائی گئی۔

احتجاجی مہم کے شرکا کا کہنا تھا کہ اکتوبر کے مہینے میں زھری میں پاکستانی فوج کے فضائی حملوں میں کم از کم چھ عام شہری، جن میں چار بچے بھی شامل تھے، شہید ہوئے اور متعدد گھر تباہ ہوگئے۔ بی این ایم نے ان واقعات کو ’ ریاستی جرائم ‘ قرار دیا اور بتایا کہ ’ پنجابی فوج ‘ کی کارروائیوں میں زھری اور قرب وجوار ( نیچارا ، پندرا ن، کمبی اور بلبل ) کو ایک مہینے سے زائد سخت محاصرے میں رکھا ہے ، وہاں کرفیو اور لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے، جس سے شہری خوراک، صاف پانی اور طبی سہولیات سے محروم ہیں۔

بی این ایم برطانیہ کے صدر منظور بلوچ، سیکرٹری خارجہ فہیم بلوچ ، خارجہ ڈیپارٹمنٹ کے کوارڈینیٹر نیاز بلوچ ، الیاس ، یاسین ، آصف ، منظور حسین ، سالار ، بالاچ ، عبداللہ ، فہد اور دیگر نے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال ’ اجتماعی سزائیاں ‘ اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزیاں ہیں۔ بی این ایم نے مطالبہ کیا کہ برطانیہ پاکستان کو دی جانے والی مالی اور فوجی معاونت فوری طور پر معطل کرے، جب کہ زھری اور پورے بلوچستان میں ہونے والی شہری ہلاکتوں اور جبری گمشدگیوں کی ’’ آزاد بین الاقوامی تحقیقات ‘‘ کرائی جائیں۔

احتجاج کا مرکزی جلسہ لندن کے دفترِ خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقی ( ایف سی ڈی او) کے باہر تھا، جبکہ دن بھر ٹرافلگر اسکوائر اور پارلیمنٹ اسکوائر پر بھی آگاہی مہمیں چلائی گئیں جن میں شرکا نے عوام میں پمفلٹس تقسیم کیے اور بی این ایم کے پیغامات عوام کے سامنے پیش کیے۔ مظاہرے میں نوجوانوں اور بچوں نے بھی شرکت کر کے اپنے خیالات عوامی خطاب کے ذریعے بیان کیے۔

بی این ایم نے اپنی کال میں بین الاقوامی برادری خصوصاً برطانیہ سے کہا کہ وہ بلوچستان میں انسانی حقوق کے معاملات کو توجہ سے دیکھے اور ملکِ پاکستان کے ساتھ ایسے تعلقات پر نظرِثانی کرے جو انسانی حقوق کی پامالیوں میں براہِ راست یا بالواسطہ حصہ ڈال رہے ہوں۔

BNM UK: “ Under Siege ” Protest | October 18, 2025

BNM UK: “ Under Siege ” Protest | October 18, 2025

Share This Article