بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) کے یوکے چیپٹر کی پانچویں کونسل لندن میں منعقد ہوئی، جسے جبری لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے طویل جدوجہد کرنے والے ماما قدیر بلوچ کے نام منسوب کیا گیا۔ انتخابی عمل کے نتیجے میں نسیم عباس صدر، کمبر بخشی نائب صدر، سلیم الٰہی جنرل سیکریٹری، کفایت بلوچ جوائنٹ سیکریٹری اور اعجاز باران فنانس سیکریٹری منتخب ہوئے۔کابینہ کے تمام اراکین بلامقابلہ منتخب ہوئے۔
نومنتخب صدر نسیم عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ نئی کابینہ تمام ارکان کو ساتھ لے کر تنظیمی اتحاد اور باہمی تعاون کے ذریعے چیپٹر کو مضبوط بنانے اور پارٹی کے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے کام کرے گی۔ انھوں نے بین الاقوامی سطح پر پارٹی کی خارجہ پالیسی اور سفارتی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے لیے پارٹی کے شعبہ خارجہ کے ساتھ مؤثر رابطے اور ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
کونسل میں بی این ایم کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ، مرکزی جونیئر جوائنٹ سیکریٹری حسن دوست بلوچ، خارجہ سیکریٹری فہیم بلوچ، بی این ایم کے شعبہ خارجہ کے کوآرڈینیٹر نیاز بلوچ ، یوکے چیپٹر کے سبکدوش ہونے والے صدر منظور بلوچ، اور چیپٹر کے ارکان نے شرکت کی۔ سابق چیپٹر سیکریٹری کمبر بخشی نے تنظیمی کارکردگی، جبکہ فنانس سیکریٹری یونس بلوچ نے مالیاتی رپورٹ پیش کی۔ ارکان نے رپورٹس کا جائزہ لیا اور تنظیمی امور پر اپنی آرا اور تجاویز پیش کیں۔
انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد بی این ایم کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔ انھوں نے پارٹی آئین اور تنظیمی اصولوں کی پابندی پر زور دیتے ہوئے کونسل کے دوران ارکان کے صبر و تحمل، تعاون اور نظم و ضبط کو سراہا۔
بی این ایم یوکے چیپٹر کی پانچویں کونسل نومنتخب کابینہ کی تشکیل اور حلف برداری کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، جس کے بعد چیپٹر کے نئے تنظیمی دور کا آغاز ہوا۔