بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) نے لندن میں یومِ شہدائے بلوچ کی مناسبت سے ایک یادگاری پروگرام منعقد کیا، جس میں برطانیہ کے مختلف شہروں سے آنے والے بلوچوں اور بی این ایم کے اراکین نے شرکت کی۔
بی این ایم یوکے چیپٹر کے صدر نسیم عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر سال ان شہداء کو اس لیے یاد کیا جاتا ہے کیونکہ انھوں نے اپنے وطن بلوچستان کے لیے اپنی زندگیاں قربان کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان کے لیے زندگی سب سے قیمتی چیز ہوتی ہے، لیکن جب کوئی اپنی جان وطن کے لیے قربان کرتا ہے تو اس کی قربانی ہمیشہ یاد رکھنے کے قابل ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یومِ شہدائے بلوچ منانے کا مقصد ان قربانیوں کو زندہ رکھنا اور نئی نسلوں تک ان کی تاریخ اور پیغام پہنچانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قومی روایت کی بنیاد میر محراب خان کی 1839 میں اپنے وطن کے دفاع کے لیے دی گئی قربانی سے جڑی ہوئی ہے۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے حکیم بلوچ نے کہا کہ بلوچ شہداء کی قربانیاں کسی ذاتی مفاد یا انفرادی مقصد کے لیے نہیں تھیں بلکہ ان کا مقصد بلوچستان کی آزادی تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی قربانیوں کو اسی قومی مقصد اور جدوجہد کے تناظر میں یاد رکھنا چاہیے۔
لندن کے ٹرافلگر اسکوائر میں منعقدہ اس پروگرام کے دوران شرکاء نے بلوچ شہداء کی تصاویر آویزاں کیں اور ان کی قربانیوں کو یاد کیا۔ اس موقع پر وہاں موجود عام شہریوں اور سیاحوں کو بلوچ شہداء کی تاریخ، ان کی قربانیوں اور بلوچستان کی سیاسی و انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔
اس پروگرام کا بنیادی مقصد بلوچ تاریخ کے ان شہداء کو یاد کرنا اور خراجِ تحسین پیش کرنا تھا، جن کی قربانیوں کی روایت 13 نومبر 1839 سے جڑی ہوئی ہے، جب خان بلوچ میر محراب خان نے اپنے وطن کے دفاع میں برطانوی افواج کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے شہادت پائی۔
بلوچ نیشنل موومنٹ کے برطانیہ چیپٹر کی جانب سے منعقد کی گئی۔ پاکستانی حکام بلوچستان میں منظم جبر کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں اور سیکیورٹی چیلنجز کو دہشت گردی سے جوڑتے ہیں۔
