بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 63ویں اجلاس کے موقع پر 24 سے 26 ستمبر 2026 تک جنیوا میں ’’چیئرمین زبیر بلوچ: مزاحمت کی میراث‘‘ کے عنوان سے تین روزہ سیاسی و سفارتی مہم منعقد کرے گی۔ یہ مہم بی این ایم کے شہید رہنما چیئرمین زبیر بلوچ کی پہلی برسی کی مناسبت سے ان کے نام سے منسوب کی گئی ہے۔24 ستمبر 2025کی رات کو پاکستانی فوج نے ان کے گھر پر حملہ کرکے چیئرمین زبیر بلوچ کو ان کے ساتھی نثار بلوچ سمیت قتل کیا۔
مہم کا آغاز 24 ستمبر کو جنیوا پریس کلب میں ’’مقبوضہ بلوچستان دوراہے پر: انسانی حقوق، انصاف اور جدوجہدِ آزادی — چیئرمین زبیر بلوچ کی میراث کو خراجِ عقیدت‘‘ کے عنوان سے بین الاقوامی کانفرنس سے ہوگا۔ کانفرنس میں بلوچستان کی انسانی حقوق کی صورتحال، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، اجتماعی سزا، سیاسی آزادیوں، بلوچ قومی جدوجہد کے تاریخی و سیاسی پس منظر اور بلوچستان کے فطری وسائل و اہم منصوبوں پر گفتگو ہوگی۔ اس موقع پر چیئرمین زبیر بلوچ کی سیاسی زندگی اور جدوجہد پر دستاویزی فلم پیش کی جائے گی، جبکہ زرمبش پبلی کیشنز کی کتاب ’’زبیر بلوچ: ان کی اپنی زبانی — زندگی، مزاحمت اور بلوچ قومی جدوجہد‘‘ کی رونمائی بھی ہوگی۔
25 ستمبر کو بی این ایم جنیوا جھیل سے پلیس ڈیس نیشنز میں بروکن چیئر تک عوامی ریلی اور احتجاج کرے گی، جبکہ 25 اور 26 ستمبر کو وہاں دو روزہ تصویری نمائش اور معلوماتی کیمپ قائم کیا جائے گا۔ مہم کے دوران بی این ایم کے وفود اقوام متحدہ کے متعلقہ ورکنگ گروپس، خصوصی نمائندوں اور انسانی حقوق کے حکام سے ملاقاتیں کرکے بلوچستان سے متعلق دستاویزات پیش کریں گے اور انسانی حقوق کونسل میں بلوچستان کی صورتحال کو اجاگر کریں گے۔