Skip to content

بلوچستان کے معدنی وسائل پر بلوچ قوم کی رضامندی کے بغیر کسی بھی بین الاقوامی سرمایہ کاری کو قبول نہیں کیا جائے گا ، ترجمان بی این ایم

بی این ایم کے ترجمان نے اسلام آباد میں 12 اور 13 نومبر کو منعقد ہونے والے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم (PMIF26) پر گہرے تحفظات کا اظہار کیا۔

بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) کے ترجمان نے اسلام آباد میں 12 اور 13 نومبر کو منعقد ہونے والے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم (PMIF26) پر گہرے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں اور کثیرالقومی کمپنیوں کے ذریعے بلوچستان کے قدرتی وسائل کی لوٹ مار کو بین الاقوامی معاشی منصوبے کی شکل دینا چاہتا ہے۔ سرمایہ کاری اور ترقی کے نام پر منعقد ہونے والا یہ فورم درحقیقت بلوچ قوم کو اس کے اپنے وسائل سے محروم کرکے مستقل غربت، محرومی اور معاشی محکومی میں رکھنے کی کوشش ہے۔ ہم اسے معدنیاتی نوآبادیاتی نظام قرار دیتے ہیں، جس میں وسائل سے بیرونی قوتیں مستفید ہوتی ہیں جبکہ مقامی قوم کو استحصال اور محرومی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بلوچستان میں کسی بھی قسم کی بیرونی سرمایہ کاری، معدنی منصوبہ یا قدرتی وسائل کی استخراج بلوچ قوم کی آزادانہ، حقیقی اور اجتماعی رضامندی کے بغیر قابلِ قبول نہیں۔ بلوچ قوم کی مرضی اور سیاسی حیثیت کو نظرانداز کرکے کیے جانے والے معاہدے متنازع اور ناقابلِ قبول ہوں گے، جو بلوچستان میں جاری تنازع کو مزید گہرا اور خونریزی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔ ہم تمام بین الاقوامی مائننگ کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بلوچستان میں سرمایہ کاری سے گریز کریں۔ بلوچستان ایک مقبوضہ سرزمین اور حالتِ جنگ میں ہے، یہاں عالمی برادری کی اخلاقی اور سیاسی ذمہ داری ہے کہ وہ قابض ریاست کے معاشی مفادات کا حصہ بننے کے بجائے بلوچ قوم کے حقِ خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد کی حمایت کرے۔

انھوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں جاری جبری گمشدگیاں، ماورائے عدالت قتل، سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں کی غیرقانونی گرفتاریاں، جھوٹے مقدمات اور سیاسی آوازوں کو دبانے کی کوششیں بلوچ قوم کے سیاسی و معاشی حقوق سلب کرنے اور اس کے قدرتی وسائل پر قبضہ برقرار رکھنے کے وسیع تر نظام کا حصہ ہیں۔ بلوچ قوم کئی دہائیوں سے اپنی سرزمین، قومی وجود اور وسائل پر اختیار کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، جس میں مرد و خواتین اور نوجوانوں کی مسلسل قربانیاں اس جدوجہد کی قیمت ہیں۔ ان حقائق کو نظرانداز کرکے بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کے دعوے کرنا محض فریب ہے۔ بین الاقوامی کمپنیوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ بلوچ قوم کی رضامندی کے بغیر بلوچستان کے وسائل سے فائدہ اٹھانا انہیں ایک متنازع استحصالی عمل کا حصہ بنائے گا۔

بلوچ نیشنل موومنٹ کے ترجمان نے اقوام متحدہ، عالمی مالیاتی اداروں اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بلوچستان کے قدرتی وسائل سے متعلق کسی بھی منصوبے میں بلوچ قوم کی آزادانہ رضامندی کو بنیادی شرط تسلیم کریں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور بلوچ قوم کے سیاسی و قومی حقوق کا احترام کریں۔ انھوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کی سرزمین کوئی معدنی کالونی نہیں بلکہ بلوچ قوم کی مادرِ وطن ہے، اور اس کے وسائل پر فیصلہ کرنے کا حق بلوچ قوم کا ہے، کسی قابض ریاست یا اس کے عالمی شراکت داروں کا نہیں۔ بلوچ قوم کی مرضی کے خلاف تمام منصوبے استحصال، مزاحمت اور مزید عدم استحکام کو جنم دیں گے۔ بلوچستان میں حقیقی امن، ترقی اور خوشحالی کا راستہ بلوچ قوم کی آزادی، خودمختاری اور اپنے وسائل پر مکمل اختیار سے ہوکر گزرتا ہے۔

thebnm.org/ur/statements/29424/