برلن : جرمنی میں بی این ایم جرمنی چیپٹر کے صدر اصغر علی کی زیرِ صدارت ایک تنظیمی اجلاس منعقد ہوا، جس کا مقصد تنظیمی امور کا جائزہ لینا اور برلن و برانڈنبرگ یونٹ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا تھا۔ اجلاس میں مذکورہ یونٹ کے ممبران اور ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی۔ یونٹ کے انتخابات کے نتیجے میں ثابت بلوچ یونٹ سیکریٹری اور اسد بلوچ ڈپٹی یونٹ سیکریٹری منتخب ہوئے۔
اجلاس کے مہمانِ خصوصی بی این ایم کی مرکزی کمیٹی کے ممبر ھمل بلوچ تھے۔ اس اجلاس کو بابا خیربخش مری کی بارہویں برسی کی مناسبت سے ان کے نام سے منسوب کیا گیا اور ان کے فکر و عمل سے وابستگی کی یاد دہانی کرائی گئی۔
شرکاء نے نو منتخب یونٹ سیکریٹریز کو مبارکباد پیش کی اور تنظیم کے مقاصد کو آگے بڑھانے سمیت وسیع تر بلوچ قومی تحریک کے اندر برلن اور برانڈنبرگ یونٹ کے کردار کو مضبوط کرنے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا عزم ظاہر کیا۔
اجلاس کی نظامت کے فرائض ثابت بلوچ نے انجام دیے، جبکہ ان کی معاونت جلال بلوچ نے کی۔