یورپی پارلیمان کی کمیٹی برائے درخواست ( کمیٹی آن پٹیشنز)نے بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) کے محکمہ انسانی حقوق پانک کے میڈیا کوآرڈینیٹر جمال بلوچ کی جانب سے بلوچستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور پاکستان کو حاصل جی ایس پی پلس تجارتی مراعات کے حوالے سے دائر کردہ درخواست کو قابلِ سماعت قرار دے دیا ہے۔ کمیٹی نے تسلیم کیا ہے کہ درخواست میں اٹھایا گیا معاملہ یورپی یونین کے دائرۂ کار میں آتا ہے۔
GSP+ اور پاکستان
جمال بلوچ کی جانب سے یورپی پارلیمان کی پٹیشنز کمیٹی کو پیش کی گئی درخواست اور تفصیلی دستاویز۔
پٹیشن نمبر 1730/2026 قابلِ سماعت قرار
پٹیشنز کمیٹی کے چیئرمین کا خط، برسلز، 24 نومبر 2026: پٹیشن یورپی یونین کے دائرۂ کار میں آتی ہے۔
24 نومبر 2026 کو جاری کردہ باضابطہ خط میں کمیٹی کے چیئرمین بوگدان رزونکا نے جمال بلوچ کو مطلع کیا کہ درخواست نمبر 1730/2026 یورپی یونین کے دائرۂ کار میں آنے کے باعث قابلِ سماعت ہے۔ خط کے مطابق کمیٹی نے درخواست کو مزید آگاہی اور معلومات کے لیے یورپی پارلیمان کی کمیٹی برائے خارجہ امور اور ذیلی کمیٹی برائے انسانی حقوق کو ارسال کیا ہے، جبکہ جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ تعلقات سے متعلق یورپی پارلیمان کی ڈیلیگیشن کو بھی اس بارے میں خط بھیجا گیا ہے۔
کمیٹی کے چیئرمین نے اپنے خط میں 16 جولائی 2026 کو شائع ہونے والی یورپی کمیشن کی پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس سے متعلق 2023 تا 2025 کی جائزہ رپورٹ کا حوالہ دیا۔ اس رپورٹ میں بلوچستان سمیت پاکستان بھر میں جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، احتساب کے فقدان، آزادیٔ اظہار اور پُرامن اجتماع پر پابندیوں، انسدادِ دہشت گردی کے قوانین کے تحت من مانی گرفتاریوں اور منصفانہ عدالتی کارروائی کے حق سے متعلق سنگین تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
خط میں 17 دسمبر 2025 کو برسلز میں منعقدہ پندرہویں یورپی یونین۔پاکستان مشترکہ کمیشن کے اجلاس اور 21 نومبر 2025 کو ہونے والے ساتویں یورپی یونین۔پاکستان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ ان اجلاسوں میں جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان کی جانب سے 27 بین الاقوامی معاہدوں پر عمل درآمد، جبری گمشدگیوں، آزادیٔ اظہار، میڈیا کی آزادی، عدلیہ کی خودمختاری اور بنیادی انسانی حقوق سے متعلق معاملات زیرِ بحث آئے تھے۔
کمیٹی نے پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی ذمہ داریوں کی ممکنہ خلاف ورزیوں اور جی ایس پی پلس کی معطلی سے متعلق یورپی پارلیمان میں اٹھائے گئے تحریری سوالات اور یورپی کمیشن کے جوابات کی طرف بھی جمال بلوچ کی توجہ مبذول کرائی۔ ان میں بلوچستان میں جبری گمشدگیوں اور پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی معاہدوں پر عمل درآمد سے متعلق پارلیمانی سوالات بھی شامل ہیں۔
بی این ایم کی مذکورہ درخواست کو قابلِ سماعت قرار دینا اور اسے یورپی پارلیمان کی خارجہ امور اور انسانی حقوق سے متعلق کمیٹیوں تک پہنچانا اس معاملے کو یورپی پارلیمان کے متعلقہ اداروں کے سامنے لانے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔
جمال بلوچ نے 3 جولائی 2026 کو یورپی پارلیمان کی کمیٹی برائے درخواستوں میں ایک تفصیلی ڈوزیئر بعنوان ’’بلوچستان میں انسانی حقوق اور پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی معطلی کا مقدمہ‘‘ جمع کرایا تھا۔ اس دستاویز میں بلوچستان کی انسانی حقوق کی صورتِ حال، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کے خلاف ریاستی اقدامات اور پاکستان کو حاصل جی ایس پی پلس تجارتی مراعات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔
ڈوزیئر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان جی ایس پی پلس کے تحت تجارتی مراعات حاصل کرنے کے باوجود ان 27 بنیادی بین الاقوامی معاہدوں کی مؤثر پاسداری نہیں کر رہا جن پر عمل درآمد ان مراعات کے حصول اور برقرار رکھنے کے لیے لازمی ہے۔ دستاویز میں یورپی یونین سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ جی ایس پی ریگولیشن کے آرٹیکل 19 کے تحت پاکستان کی تجارتی مراعات عارضی طور پر واپس لینے کا طریقۂ کار شروع کرے۔
ڈوزیئر کے مطابق گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ہزاروں بلوچ طلبہ، سیاسی کارکن، صحافی، دانشور اور عام شہری جبری گمشدگیوں کا نشانہ بنے ہیں۔ دستاویز میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کے اہلکار لوگوں کو ان کے گھروں، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات سے حراست میں لے کر نامعلوم مقامات پر منتقل کرتے ہیں، جہاں انھیں طویل عرصے تک غیر قانونی حراست میں رکھا جاتا ہے۔ بعض جبری لاپتہ افراد بعد ازاں تشدد کے نشانات کے ساتھ مردہ پائے گئے۔ ڈوزیئر میں ان واقعات کو ریاستی سطح پر جاری قتل اور لاشیں پھینکنے کی پالیسی سے تعبیر کیا گیا ہے۔
دستاویز میں 2023 اور 2024 کے دوران تربت سے اسلام آباد تک بلوچ یکجہتی کمیٹی کے لانگ مارچ کا بھی تفصیلی ذکر کیا گیا ہے، جو بلوچ نوجوان بالاچ مولابخش کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف شروع کیا گیا تھا۔ ڈوزیئر کے مطابق اس احتجاج میں جبری لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ، بالخصوص خواتین نے نمایاں کردار ادا کیا، تاہم اسلام آباد پہنچنے پر پُرامن مظاہرین کو واٹر کینن، لاٹھی چارج، آنسو گیس اور بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈوزیئر میں جون 2026 میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ کو عمر قید کی سزائیں سنائے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے عدالتی کارروائیوں کی شفافیت اور منصفانہ ٹرائل کے تقاضوں پر سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ دستاویز کے مطابق مقدمات جیل کے اندر چلائے گئے، جہاں آزاد میڈیا، مبصرین اور وکلا کو مناسب رسائی حاصل نہیں تھی۔ اس میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی تنہائی میں قید اور مناسب طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے الزامات بھی شامل ہیں۔
اسی طرح ڈوزیئر میں انسانی حقوق کی کارکن سمی دین بلوچ کو سفری پابندیوں، نگرانی اور مسلسل ہراسانی کا نشانہ بنانے کی تفصیلات بھی درج ہیں۔ دستاویز کے مطابق 28 جون 2026 کو کراچی میں ان کے گھر پر مسلح اہلکاروں نے چھاپہ مارا، جہاں سے لیپ ٹاپ، دستاویزات اور دیگر ذاتی اشیا قبضے میں لے لی گئیں۔
ڈوزیئر میں یورپی یونین سے پانچ بنیادی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ان میں پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی عارضی معطلی کا طریقۂ کار شروع کرنا، ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، صبغت اللہ شاہ اور دیگر زیرِ حراست انسانی حقوق کے کارکنوں کی رہائی کے لیے سفارتی دباؤ ڈالنا، سمی دین بلوچ سمیت انسانی حقوق کے محافظوں کو ریاستی ہراسانی اور پابندیوں سے تحفظ فراہم کرنا، بلوچستان میں جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ کے آزاد تحقیقاتی مشن کے قیام کی درخواست کرنا، اور پاکستان کو مستقبل میں فراہم کی جانے والی مالی و تجارتی معاونت کو انسانی حقوق کی صورتِ حال میں قابلِ تصدیق بہتری سے مشروط کرنا شامل ہیں۔
بلوچ نیشنل موومنٹ کا مؤقف ہے کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کے تحت حاصل تجارتی مراعات انسانی حقوق کے تحفظ اور متعلقہ بین الاقوامی معاہدوں پر مؤثر عمل درآمد سے مشروط ہیں، لیکن بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ان شرائط سے صریحاً متصادم ہیں۔
بی این ایم ایک منظم اور مربوط عالمی مہم کے ذریعے یورپی ممالک، یورپی پارلیمان، اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر بلوچستان کی صورتِ حال، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، سیاسی جبر اور بلوچ قومی حقوق سے انکار کے معاملات مسلسل اٹھا رہی ہے۔ جمال بلوچ کی جانب سے یورپی پارلیمان میں جمع کرائی گئی یہ درخواست بھی اسی عالمی مہم کا حصہ ہے۔
بی این ایم کے مطابق یورپی پارلیمان کی جانب سے درخواست کو قابلِ سماعت قرار دینا اور اسے متعلقہ پارلیمانی کمیٹیوں تک پہنچانا اس مسلسل سفارتی اور سیاسی جدوجہد کی ایک اہم پیش رفت ہے۔ بی این ایم کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں بلوچستان کا مسئلہ یورپی اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر زیرِ بحث آ رہا ہے اور پاکستان کو بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتِ حال کے حوالے سے عالمی برادری کے سامنے جواب دہی کا سامنا ہے۔
تاہم بی این ایم کا کہنا ہے کہ محض تحفظات کے اظہار اور سفارتی مکالمے سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ بی این ایم عالمی برادری اور بالخصوص یورپی یونین سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مؤثر اور ٹھوس ردعمل دے، پاکستان کو اس کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کا پابند بنائے اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے۔

